نئی دہلی، 17 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بھیم سینا نے صاف کر دیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں اتر پردیش میں اس کی کانگریس پارٹی کی حمایت کرنے کی کوئی وجہ ہی نہیں ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ کانگریس نے اپنے 60 سال کی حکمرانی میں دلتوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔بھیم آرمی کے قومی صدر کا یہ تبصرہ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کی پارٹی سربراہ چندر شیکھر آزاد کے ساتھ ہوئی ملاقات کے کچھ دن بعد آیا ہے۔پرینکا گاندھی نے گزشتہ بدھ کو میرٹھ کے ایک ہسپتال میں داخل آزاد سے ملاقات کی تھی،دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں بات چیت کا بازار گرما گیا تھا اور اسے کانگریس کی دلتوں تک پہنچ بنانے کے قدم کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔سنگھ نے کہاکہ کانگریس نے اتنے سالوں تک ملک پر راج کیا لیکن ہم لوگوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔اس کے دور حکومت میں دلتوں پر ظلم کئے گئے،اس نے آر ایس ایس اور بی جے پی کو آگے بڑھنے کا موقع دیا۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ بھیم سینا کے کانگریس کو حمایت کرنے کوئی ایک بھی وجہ نہیں ہے۔انہوں نے چندر شیکھر آزاد اور پرینکا گاندھی کی ملاقات کے سوال پر کہاکہ وہ چندر شیکھر بھائی سے ملنا چاہتی تھیں لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔اس کے بعد پرینکا نے خصوصی اپیل کی اور اس طرح دونوں کے درمیان چند منٹ کی ملاقات ہوئی،ان دونوں کے مذاکرات میں کوئی سیاسی مسئلہ سامنے نہیں آیا۔دلت گروپ کے بانی آزاد نے جمعہ کو قومی دارالحکومت میں ایک ریلی میں کہا تھا کہ وہ وارانسی سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف الیکشن لڑیں گے اور بی جے پی کو روکنے کے لئے وہ کانگریس سمیت تمام جماعتوں کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔